کراچی(اسٹاف رپورٹر)ا نسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت ایئرپورٹ کے قریب چائنیز پر خودکش بم دھماکہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ سی ٹی ڈی پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار ملزمان جاوید اور مسماۃ گل نساء کو عدالت میں پیش کردیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کو مزید جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے ملزمان کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جاوید کو چشم دید گواہوں نے شناخت کرلیا ہے، ملزم کو ملیر کورٹ میں شناخت پریڈ کے دوران گواہوں نے شناخت کیا ہے، ملزمان سے مزید تحقیقات باقی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے خود کش حملہ آور کو سہولت فراہم کی، ملزمان کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا ۔عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔