وفاقی وزیر سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں تو وہ سیاست کیوں کر رہی ہیں؟
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی احتجاج کی قیادت کر رہی ہیں، اگر وہ گھریلو خاتون ہیں تو سیاست کیوں کر رہی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کے پیچھے ان کی زوجہ دخل اندازی کرتی ہیں۔ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی امور میں بھی ان کا ڈنکا بجتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکا، یہ نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی کی صلح صفائی ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ بشریٰ بی بی تو غیرسیاسی تھیں، وہ جلوس کی قیادت کیسے کر رہی ہی؟، اگر بشریٰ بی بی نے ہی قیادت کرنی ہے تو موروثی سیاست کیخلاف نعرے کا کیا ہوا؟
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے شدت پسندی کے خلاف ابتک کوئی دھاوا نہیں بولا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنے صوبے کا کوئی خیال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما خود آواز دے کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں گرفتار کر لو، پنجاب میں کہیں پی ٹی آئی کا احتجاج نظر نہیں آرہا ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ پوچھتا ہوں لاہور میں جو پی ٹی آئی کے بڑے بڑے لیڈرز ہیں وہ کہاں ہیں؟ چلو پنجاب میں سخت حکومت ہے، سندھ اور بلوچستان میں احتجاج کہاں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ علی امین گنڈاپور ایک بار پھر پوری رات کارکنوں کو بیوقوف بنائیں۔