انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عثمان انور نے کہا ہے کہ شرپسند جتھے آتشی اسلحے، اسنائپر رائفلز، پیٹرول بموں اور خطرناک اسلحے سے لیس تھے۔
لاہور سے جاری بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ اندرونی سرحدوں کی حفاظت میں شہید جوانوں، بہادر غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند جتھے آتشی اسلحے، اسنائپر رائفلز، پیٹرول بموں، خطرناک اسلحہ سے لیس تھے، پولیس اور فورسز نے مسلح جتھوں کو کنٹرول کرنے کےلیے ہر ممکن تحمل کا مظاہرہ کیا۔
آئی جی پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کی شناخت، گرفتاری یقینی بنانے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے۔
عثمان انور نے یہ بھی کہا کہ امن و امان کے قیام، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کےلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف اضلاع میں شرپسندوں کےحملےمیں 1 پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ مختلف اضلاع میں 170 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر کے تشدد اور فائرنگ سے پولیس کے متعدد افسران، اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں، شرپسندوں نے پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ایک پولیس وین بھی جلائی گئی۔