پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس سے روزگار کے موقع میسر آئیں گے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، چاہتے ہیں تجارت کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سیلاب زدگان کے لیے21 لاکھ گھر ڈونرز کی مدد سے بنا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جبکہ سی پیک کو آصف علی زرداری صاحب نے شروع کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے، پُرامن احتجاج حق ہے، پی ٹی آئی میرا فیورٹ سبجیکٹ نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے جھوٹ بولتی آئی ہے، 300 لوگ مرے ہیں تو ان کی لسٹیں کہاں ہیں؟ نہ تدفین، نہ کوئی نام شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلیل اور شاٹ گن لے کر کوئی مظاہرے میں جاتا ہے؟ کوئی ایسے لوگوں کو گھر آتے دیکھے گا تو کیا پھولوں سے استقبال کرے گا؟ آپ نے تشدد کے ذریعے بات منوانے کی کوشش کی۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حمایت میں کبھی طالبان اور کبھی اسرائیل نے بیان دیے، ملک کا قانون کسی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا۔