آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ کرکٹر ڈان بریڈمین کا 80 سال پرانا ’بیگی گرین کیپ‘ کروڑوں روپے میں نیلام کر دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آنجہانی آسٹریلوی کرکٹر ڈان بریڈمین کا یہ 80 سال پرانا کیپ تھوڑی خراب حالت میں ہونے کے باوجود بھی آسٹریلیا کے مقامی نیلام گھر میں 2 لاکھ 50 ہزار ڈالرز یعنی تقریباََ 7 کروڑ پاکستانی روپے میں نیلام ہوا۔
نیلام گھر کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ آنجہانی سر ڈان بریڈمین نے یہ ٹیسٹ کیپ اپنے آخری ٹیسٹ سیریز کے دوران پہنا تھا جو کہ 48-1947ء میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی گئی تھی۔
نیلام گھر کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ یہ واحد بیگی گرین کیپ تھا جو اس سیریز سے اب تک نیلام گھر میں محفوظ تھا۔
نیلام گھر کی انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ اس سیریز میں ڈان بریڈمین نے 6 اننگز میں 178.75 کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 3 سنچریوں اور 1 ڈبل سنچری کی مدد سے 715 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ بریڈمین کو کرکٹ کی تاریخ کا سب سے عظیم بیٹر مانا جاتا ہے، وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 99.94 کی اوسط سے کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کر کے ریٹائر ہوئے تھے۔
اُنہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 52 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 80 اننگز میں 6 ہزار 996 رنز بنائے جس میں 29 ٹیسٹ سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔
ڈان بریڈمین کا انتقال 2001ء میں 92 سال کی عمر میں ہوا تھا۔