ناگا چیتنیا اور سوبھیتا دھولیپالا نے ازدواجی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں کی شادی کی تقریب بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں ہوئی، شادی کے بعد ان کی پہلی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
دونوں اسٹارز کے مداحوں کی جانب سے انکی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔
تصاویر میں جوڑے کو اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کے درمیان اپنی خوشیوں کے لمحات بانٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دولہا اور دلہن کے درمیان محبت بھرے لمحات نے اس موقع کو اور بھی خاص بنادیا۔
شادی کے دن سوبھیتا نے روایتی کنجیورم ریشم کی ساڑھی پہنی، جس پر اصلی سنہری زری کا کام کیا گیا تھا جو ان کی ثقافتی جڑوں کی عکاسی کرتا ہے۔ دوسری جانب ناگا چیتنیا نے دلہن سے ہم آہنگ روایتی لباس کا انتخاب کیا اور دلہن کے ساتھ ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ شادی ایک شاندار تقریب تھی لیکن اسے خاص بنانے والے وہ ذاتی لمحات اور تفصیلات تھیں جو ہر پہلو میں نمایاں تھیں۔ جوڑے کی محبت کی کہانی کی عکاسی کرتی ہر چیز، ان کے ملبوسات سے لے کر تاریخی مقام تک، خوبصورتی سے ترتیب دی گئی تھی۔
شادی کا مقام بھی خصوصی اہمیت کا حامل تھا۔ یہ تقریب تاریخی اننا پورنا اسٹوڈیوز میں منعقد کی گئی جسے 1976 میں ناگا چیتنیا کے دادا، اکی نینی ناگیشورا راؤ نے قائم کیا تھا۔ ناگا چیتنیا نے اپنے دادا کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے شادی کے دوران روایتی پنچا پہنا جبکہ سوبھیتا نے اپنی والدہ اور دادی کے سنہری زیورات پہن کر اپنے خاندان کو خراج تحسین پیش کیا۔