فلم پشپا سے متعلق دلچسپ انکشاف ہوا ہے کہ اس میں مرکزی کردار نبھانے والے تینوں سپر اسٹار فلم ساز کی پہلی پسند نہیں تھے۔
الو ارجن، رشمیکا مندانا اور فہد فاضل کی طویل انتظار کے بعد ریلیز ہونے والی فلم پشپا: دی رول 5 دسمبر کو دنیا بھر میں سنیما گھروں میں ریلیز کی جانے والی ہے۔
فلم سے متعلق دلچسپ انکشاف یہ سامنے آیا ہے کہ پشپا: دی رائز کیلئے یہ ستارے فلم ساز سوکمار کی پہلی پسند نہیں تھے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پشپا: دی رائز کے ہدایت کار سوکمار نے پہلے مہیش بابو کو مرکزی کردار یعنی پشپا راج کےلیے کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔
تاہم مہیش بابو نے اس کردار کو ٹھکرا دیا کیونکہ وہ ایک تبدیلی سے بھرپور سفر اور ایک ایسے کردار کو ادا کرنے کےلیے تیار نہیں تھے جس میں گرے شیڈز ہوں۔
اس کے بعد الو ارجن کو اس کردار کی پیشکش کی گئی اور سب سب کچھ مداحوں کے سامنے ہے۔ الو ارجن نے اس فلم میں اپنی شاندار کارکردگی کےلیے نیشنل ایوارڈ بھی جیتا۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے تیلگو اداکار بنے۔
انکے علاوہ رشمیکا مندانا سے پہلے سمانتھا رتھ پربھو کو سری ولی کا کردار پیش کیا گیا۔ فلم کے مشہور گیت او انٹوا میں اپنے رقص سے دھوم مچانے والی سمانتھا کو پہلے فلم میں سری ولی کا کردار آفر کیا گیا تھا۔
تاہم اداکارہ نے رنگا ستھلم (جسے سوکمار نے ہی ڈائریکٹ کیا تھا) میں دیہی لڑکی کا کردار ادا کرنے کے بعد اس کردار کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ کردار بعد میں رشمیکا مندانا کو دیا گیا۔
فلم میں منفی کردار ایس پی شیکھاوت کو نبھانے کیلئے فہد فاضل سے قبل سپر اسٹار وجے سیتھوپتی کو پیشکش کی گئی تھی۔ وجے سیتھوپتی ایس پی بھنور سنگھ شیکھاوت کا کردار اپنی مصروفیات کی وجہ سے ترک کردیا تھا۔