گوجرانوالہ(صباح نیوز)گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 12 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ پر 16اکتوبر 2020کو گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کے دوران کنٹینر ہٹانے اور اہلکاروں پرگاڑی چڑھانے کے الزام میں تھانہ سیٹلائٹ ٹان میں مقدمہ درج ہے۔مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جب کہ پولیس نے رانا ثنا اللہ سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا، پولیس نے انہیں بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔