• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطالبات نہ مانے تو سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے، عمرایوب کی وارننگ


اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے حکومت کو وارننگ دی ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کردیں گے۔

پشاور میں اسد قیصر، شبلی فراز اور شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمر ایوب نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی اور 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے حالیہ احتجاج میں 12 افراد کے شہید ہونے کی تصدی ہوئی ہے، 200 سے زائد کارکن لاپتہ اور 5 ہزار سے زائد گرفتار ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ 24 نومبر کو گولیاں برسائیں گئیں اس کی بھی تحقیقات کی جائے۔ بات چیت کےلیے تیار ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی، جس کے ساتھ بھی بات چیت کرنی ہے، کمیٹی کرے گی۔

عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ ملک میں استحکام لانے کےلیے بانی پی ٹی آئی نے ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، اسد قیصر اور شیخ وقاص اکرم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو پی ٹی آئی شہداء کےلیے تعزیتی جرگہ کرے گی جس میں شہداء کی بلند درجات کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چا ہیے، زور زبردستی سے کام کرنے کے نتائج ٹھیک نہیں ہوتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ملک کا برا نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کرے، بانی پی ٹی آئی ملک کےلیے ہی جیل میں ہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ 8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا، ایک غلطی چھپانے کےلیے مزید غلطیاں کی جارہی ہیں، مصنوعی استحکام پیدا کیا گیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ معاملات زور پر حل نہیں ہوتے، بات چیت کر کے حل ہوتے ہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کو مانتے ہیں، آپ بھی قانون کو مانیں، افغانستان کے ساتھ ہمارے کاروبار کو ختم کیا گیا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سول نافرمانی کی بات سے وفاقی وزراء بوکھلا گئے ہیں، پنجاب میں ہمارے لوگوں کو تنگ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ تو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی پر ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید