شام کی صورتحال میں پاکستانیوں کے انخلاء کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شام سے پاکستانیوں کے انخلاء کےلیے لبنانی وزیراعظم سے مدد مانگ لی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شام میں 600 پاکستانی اس وقت موجود ہیں۔ شام کے تمام ایئرپورٹس اس وقت بند ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے شام سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کےلیے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شام میں پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق اجلاس میں کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلوماتی ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شام اور ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رہیں۔
قطر کے قومی دن کی تقریب میں خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ شام کے تمام ایئر پورٹس بند ہیں، پھنسے پاکستانیوں کی صرف لبنان کے ذریعے ہی وطن واپسی ممکن ہے۔
خیال رہے کہ دمشق کے قریب خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں پاکستانی زائرین محصور ہوگئے، ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہونے لگیں۔
علم میں رہے کہ شامی باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا تھا جبکہ شامی صدر ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ دمشق کے قریب جیل سے ہزاروں قیدی رہا کردیے گئے۔
باغیوں کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد الجلالی پُرامن انتقال اقتدار تک تمام ریاستی اداروں کو چلائیں گے۔