190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی نے 342 کے بیانات ریکارڈ کروا دیے، توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔
بشریٰ بی بی کے پیش ہونے پر دونوں عدالتوں نے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کردیے، پراسیکیوشن نے وکلاء صفائی کو گواہوں کے161 کے بیانات کی نقول فراہم کردیں۔
پراسیکیوشن ٹیم نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی پر آج ہی فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کا گزشتہ سماعتوں کا کنڈکٹ عدالت کے سامنے ہے، یہ دوبارہ عدالت نہیں آئیں گی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ23 گواہوں کے 161 کے بیان آج فراہم کیے گئے ہیں، بیانات ملنے کے بعد فرد جرم کے لیے 7 دن کا وقت ہوتا ہے، بشریٰ بی بی ملک سے باہر نہیں تھیں، ضمانتوں کے لیے عدالتوں میں پیش ہو رہی تھیں۔
بشریٰ بی بی نے روسٹرم پر جا کر عدالت کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جب سزا ہوئی تھی تو خود چل کر جیل آئی تھی، طبعیت ناسازی، مقدمات میں ضمانت لینے کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکی تھی، آج بھی عدالت میں پیش ہوئی ہوں آئندہ سماعت پر بھی عدالت آؤں گی۔
عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت 12دسمبر تک ملتوی کردی۔