صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1948ء کا اقوامِ متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اسلام کے بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے، آج ہم انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، انسانی حقوق کے تحفظ، خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کے لیے پُرعزم ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ہم انسانی حقوق کے فروغ سے اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے، جمہوریت، امن، آزادی اور انسانی حقوق کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ مستحکم اور خوش حال ملک کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اور انتظامی اصلاحات کر رہا ہے۔