اسرائیل نے یو این سیکیورٹی کونسل کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں اسرائیلی حملے جاری رہیں گے، اسرائیل نے صرف اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے محدود اور عارضی اقدامات کیے ہیں۔
شام کی موجودہ صورتِ حال پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد اقوامِ متحدہ میں شام کے سفیر بسام الصباغ نے صحافیوں سے گفتگو کی۔
ان کا کہنا ہے کہ عوام آزادی، مساوات، قانون کی حکمرانی، جمہوری ریاست کے قیام کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم شام کی تعمیرِ نو کے لیے کوششوں میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں اسرائیلی حملے چند دن جاری رہیں گے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ شام کے تنازع میں مداخلت نہیں کر رہے، بلکہ وہاں اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے محدود اور عارضی اقدامات کیے ہیں۔
خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے پیر کے روز اسرائیل پر شام کے ساتھ کیے گئے 1974ء کے علیحدگی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔