نامور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے دی ایراس ٹور کی کامیابی پر خوش ہوکر اپنی ٹیم کو 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے بونس دے دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے یہ بونس گزشتہ دو سال کے عرصے کے دوران دیے ہیں۔
جن لوگوں کو بونسز ملے ہیں ان میں موسیقی آلات بجانے والا اسٹاف، لائٹنگ، ساؤنڈ، اسسٹنٹس، ڈانسرز، بینڈز اور پروڈکشن اسٹاف شامل ہے۔
انکے علاوہ سیکیورٹی، کوریوگرافرز، پائیروٹیکنیکس، ریگرز، زلف تراش، میک آرٹسٹ، فزیکل تھیراپسٹ، ویڈیو ٹیم، کارپینٹرز، کیئر ٹیکرز اور ٹرک ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔
اگست 2023 میں ٹیلر سوئفٹ نے اپنے ٹور کا شمالی امریکا کا حصہ مکمل کیا تھا، جس کے اختتام پر انہوں نے اسٹاف کو 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بونسز دیے تھے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ٹیلر سوئفٹ نے بی سی پلیس اسٹیڈم وینکوور میں اپنے ٹور کا اختتام کیا جہاں انہوں نے اس ٹور کو کامیاب بنانے پر مداحوں سے اظہار تشکر کیا۔
انکا کہنا تھا کہ میں اپنی زندگی کے اب تک کے سب سے پرجوش ٹور، ایراس ٹور، کے سفر کو کامیاب بنانے پر ہر ایک شخص کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
خیال رہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے مارچ 2023 میں اپنے ٹور کا آغاز کیا تھا اور اس دوران انہوں نے پانچ براعظموں کے درجنوں شہروں میں 152 شوز کیے۔