کراچی میں کارساز پر واقع واٹر کارپوریشن کے محکمہ ریونیو ریکوری ڈپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان واٹر کارپویشن کے مطابق تمام ریکارڈ محفوظ رہا۔
واٹر کارپوریشن کارساز محکمہ ریونیو ریکوری (آر آر جی) ڈپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں ایئرکنڈیشنڈ کے سرکٹ جلنے کی وجہ سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس پر فوری طور پر قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شارع فیصل پر واقع واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کی پہلی منزل میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی دو فائر ٹینڈر کو موقع پر بھیج دیاگیا۔
فائرٹینڈر نے واٹر کارپوریشن کی گاڑیوں کے ساتھ ملکر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کےبعد آگ پرقابو پالیا، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دفتر میں رکھا قیمتی سامان جل گیا۔
دوسری جانب ترجمان واٹر کارپویشن کا بتانا ہے کہ آگ محکمہ ریونیو ریکوری (آر آر جی) ڈپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں ایئر کنڈیشنڈ کے سرکٹ جلنے کی وجہ سے لگی۔
ابتدائی طور پر واٹر کارپوریشن کی گاڑیوں نے آگ بجھائی جبکہ فائر بریگیڈ کی دو فائر ٹینڈرز بھی موقع پر آگ بجھانے پہنچ گئیں تھیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور واٹر کارپوریشن کا کوئی بھی ریکارڈ نہیں جلا ہے اور واٹر کارپوریشن کا تمام ریکارڈ محفوظ ہے۔