• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سردی بڑھ گئی، رات میں ’سنگل ڈیجٹ‘ درجۂ حرارت ریکارڈ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

 ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سردی بڑھ گئی ہے، جناح ٹرمینل اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجۂ حرارت 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق درجۂ حرارت گلستانِ جوہر میں 10، شاہراہ فیصل پر 12، ماڑی پور میں 12.5، بن قاسم میں 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک، رات میں خنک رہنے اور کم سے کم درجۂ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں دسمبر کا معمول اوسط درجۂ حرارت 13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

کوئٹہ میں پارہ منفی 4 ریکارڈ

دوسری جانب بلوچستان میں سردی زور پکڑتی جا رہی ہے جس کے سبب مختلف شہروں میں درجۂ حرارت گر گیا ہے، صوبائی دارالخلافہ کوئٹہ میں پارہ منفی 4 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم  درجۂ حرارت لہہ میں منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسکردو میں منفی 7، کالام اور قلات میں منفی 6، گلگت اور استور میں منفی 5، دیر میں منفی 4، اسلام آباد میں منفی 1، مظفر آباد اور مٹھی میں 2، پشاور، چکوال اور اٹک میں 3، لاہور، ملتان، سکھر اور نواب شاہ میں 7 اور حیدر آباد میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید