اپوزیشن جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکرات کی پیشکش کے بعد حکومتی اتحاد تاحال مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل نہ کرسکا۔
ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی بھی تاحال پی ٹی آئی سے رابطوں کے حوالے سے لاعلم ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے مذاکرات کےلیے تاحال حکومت سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا ہے، باضابطہ رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے حکومتی اتحاد نے تاحال کمیٹی تشکیل کا فیصلہ نہیں کیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے باضابطہ رابطوں کے بعد ہی حکومتی اتحاد کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کسی بھی کمیٹی یا مذاکرات سے پہلے آصف زرداری اور نواز شریف سے مشاورت ہو گی۔
پی پی ذرائع کے مطابق ہمارے بغیر نہ مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی ان میں کامیابی ہوسکتی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنما کی مذاکراتی عمل سے پہلے پیپلز پارٹی سے مشاورت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ہم نے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مذاکرات کےلیے رابطہ کے بعد اسپیکر کی ہی کمیٹی کام کرے گی، اسپیکر نے ماضی میں بھی ایک کمیٹی بنائی غالباً وہی مذاکرات کرے گی۔