• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر آصف زرداری سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات

صدرِ مملکت آصف علی زرداری — فائل فوٹو
صدرِ مملکت آصف علی زرداری — فائل فوٹو

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں چین کے کاروباری وفد نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور چین کے قونصل جنرل نے بھی شرکت کی۔

چینی وفد نے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے1 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینی وفد نے زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاک چین عوام بالخصوص سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہوں گے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے اہم امور پر مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ گوادر پورٹ کو علاقائی تجارتی اور اقتصادی حب کے طور پر ترقی دینا میرا ویژن تھا، گوادر بندرگاہ سے ناصرف علاقائی روابط بہتر ہوں گے بلکہ علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا، چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور کاروبار کو ترجیح دے گا اور اس کے لیے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ سندھ میں چینی زبان کے کورسز متعارف کروائے گئے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ چینی زبان کے کورسز پاک چین عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید