گوگل نے 2024ء میں دنیا بھر سب سے زیادہ سرچ کیے گئے موضوعات کی فہرست جاری کر دی۔
گوگل کی جانب سے یہ فہرست مختلف کیٹیگریز میں جاری کی گئی ہے جن میں اسپورٹس، معروف شخصیات، موویز، ڈرامہ، ریسیپی اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
رواں سال دنیا بھر میں سب سے زیادہ جن شخصیات کے بارے میں تفصیلات سرچ کی گئیں ان میں 2 مسلم شخصیات بھی شامل ہیں۔
1- ڈونلڈ ٹرمپ
دنیا بھر میں سب سے زیادہ جس شخص کے بارے میں سرچ کیا گیا وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جو اس سال دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
2- کیٹ مڈلٹن
برطانیہ کی پرنسز آف ویلز کیٹ مڈلٹن اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہیں جو کہ کینسر کی تشخیص کے باعث دنیا بھر میں لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنیں۔
3- کملا ہیرس
اس سال امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مضبوط امیدوار سمجھی جانے والی کملا ہیرس اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
4- ایمان خلیف
الجزائر کی مسلم باکسر ایمان خلیف اس فہرست میں چوتھے نمبر پر رہیں جنہوں نے رواں سال پیرس اولمپکس 2024ء میں بطور خاتون باکسر طلائی تمغہ جیتا تھا اور وہ ایونٹ میں اپنی جسمانی ساخت کی وجہ سے بین الاقوامی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
5- جو بائیڈن
امریکا کے موجودہ صدر جو بائیڈن اس فہرست میں 5 ویں نمبر پر رہے۔
6- مائیک ٹائی سن
امریکا کے سابق باکسر مائیک ٹائی سن اس فہرست میں شامل دوسری مسلم شخصیت ہیں جو 19 برس بعد رنگ میں دوبارہ اترنے کی وجہ سے گوگل پر لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔
7- جے ڈی وینس
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے جے ڈی وینس اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر رہے۔
8- لامین یمال
اسپین کے 17 سالہ فٹبالر لامین یمال یورو کپ 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنےاور ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کرنے کے بعد اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔
9- سمیون بائلز
امریکی جمناسٹ سمیون بائلز پیرس اولمپکس میں اپنی بہترین کارکردگی کی وجہ سے اس فہرست میں 9 ویں نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔
10 - امریکی گلوکار ڈی ڈی
امریکی گلوکار ڈی ڈی (Diddy) بچوں کے جنسی استحصال کی رپورٹس کی وجہ سے اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست میں 10 ویں نمبر پر رہے۔