• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افطار اسپیشل: خستہ اور لذیذ آلو کے کباب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں جب پورا دن روزے کے بعد افطار کا وقت قریب آتا ہے تو دسترخوان پر ایسی ڈشز کی خواہش بڑھ جاتی ہے جو ذائقے دار بھی ہوں اور آسانی سے تیار بھی ہو جائیں۔

آلو کے کباب ایک ایسی ہی مقبول اور سادہ ترکیب ہے جو کم اجزاء اور کم وقت میں تیار ہو کر افطار ٹیبل کی رونق بڑھا دیتی ہے۔

باہر سے خستہ اور اندر سے نرم یہ مزیدار کباب بچوں اور بڑوں سب کو یکساں پسند آتے ہیں اور ہری چٹنی یا کیچ اپ کے ساتھ ان کا ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے جس کی آسان سی ترکیب آپ کے لیے پیش ہے۔

اجزاء: 

اُبلے ہوئے آلو 4 عدد (درمیانے سائز کے)، باریک کٹی ہوئی پیاز 1 عدد، سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی) 1 عدد، دھنیا (باریک کٹا ہوا) 2 کھانے کے چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر 1/2 کھانے کا چمچ، کالی مرچ 1/2 کھانے کاچمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کارن فلور یا بریڈ کرمز 2 کھانے کے چمچ، کوکنگ آئل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

سب سے پہلے اُبلے ہوئے آلو اچّھی طرح میش کر لیں، پھر ان میں پیاز، سبز مرچ، دھنیا، نمک اور تمام مسالہ جات شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔

اب کارن فلور یا بریڈ کرمز ڈال کر وہ بھی مکس کر لیں۔

پھر ہاتھ سے چھوٹے کباب بنائیں اور توے پر تیل گرم کر کے باری باری دونوں طرف سے سُنہری ہونے تک تل لیں۔

لیجیے! لذیذ کباب تیار ہیں، ہری چٹنی یا کیچ اپ کے ساتھ پیش کریں۔

خاص رپورٹ سے مزید