تحریر الشام تنظیم اور اتحادی گروپوں کے ملٹری آپریشنز ڈپارٹمنٹ کے کمانڈر احمد الشرع کا کہنا ہے کہ شام میں ہونے والی تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کےخلاف بڑی کامیابی ہے۔
اپنے بیان میں احمد الشرع نے کہا کہ ایران کے منصوبے خطے کے عوام کیلئے تکلیف دہ ثابت ہوئے، ایرانی عوام سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر بشار الاسد نے منشیات کی پیداوار میں عالمی ریکارڈ قائم کیا، روس بشارالاسد کی گرتی ہوئی ساکھ سے بیزار ہونے لگا تھا، خط و کتابت کے ذریعے روس کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کی ہے، روس کو نئے سرے سے تعلقات قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
احمد الشرع نے مزید کہا کہ موجودہ تبدیلی اچانک نہیں ہوئی بلکہ کئی سالوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ شام کے علاقوں اور شہروں پر اپوزیشن فورسز کے قبضوں کے دوران کوئی نقل مکانی دیکھنے میں نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران کے بہانے شام میں مداخلت کرتا آیا ہے، اب شام میں غیر ملکی مداخلت کا کوئی وجود نہیں رہا۔ اسرائیل کیلئے غیر ملکی مداخلت کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتے۔