وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت 3 بار اسلام آباد پر حملہ آور ہوچکی ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک صوبے کی حکومت ملنے کی وجہ سے اسلام آباد پر 3 بار حملہ آور ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے آتے ہوئے کہا کہ پٹھان غیرت مند ہوتے ہیں، پٹھان ساتھ نہیں چھوڑتے، مگر ڈی چوک پہنچنے کے بعد پٹھان تو کھڑے رہے مگر بشریٰ بی بی اور گنڈاپور رفو چکر ہوگئے ۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے ڈی چوک پر کھڑے رہتے تو لوگ بھی ان کےساتھ کھڑے رہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کی بات کی قدر ہے، پارلیمنٹ کے اجلاس میں مسئلہ حل ہوجائے گا، احتجاج کی نوبت نہیں آئے گی ۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ 2017 کے بعد ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا گیا، نوجوانوں کو صرف یہ سکھایا گیا کہ سیاسی مخالفین کو گالیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو سکھایا گیا کہ فلاں جماعت کے لوگوں کو چور ڈاکو کہا جائے، آتے ہوئے کہا پٹھان غیرتمند ہوتے ہیں، ڈی چوک میں پٹھان کھڑے تھے، لانے والے غائب ہوگئے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا پابندیاں لگانے کی ضرورت نہیں تھی، پنجاب میں لوگوں نے نہیں نکلنا۔