• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلباء و اساتذہ کی قربانی نے قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد کیا، ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو طلباء اور اساتذہ کی قربانی نے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پوری قوم کو متحد کیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 16 دسمبر 2014 کو پیش آنے والا یہ دلخراش سانحہ قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ نے پوری قوم کو کرب اور دکھ میں مبتلا کیا۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کا باعث بنیں۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ طلبا اور اساتذہ کی قربانی نے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پوری قوم کو متحد کیا۔ پارلیمان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون سازی کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرنے کےلیے پُرعزم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کےلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ اسپیکر نے آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہدا کے والدین کے صبر اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یادیں آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اے پی ایس کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کیخلاف یکجا کیا۔

قومی خبریں سے مزید