بھارتی کمپیوٹر آپریٹر نے کام سے بچنے کے لیے اپنے ہاتھ کی انگلیوں کی قربانی دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں 32 سالہ شخص نے اپنے رشتے دار کی ڈائمنڈ فرم میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت سے بچنے کے لیے تیز دھار چاقو سے اپنے بائیں ہاتھ کی 4 انگلیاں کاٹ دیں۔
گجرات کے شہر سورت سے تعلق رکھنے والے مایور تاراپارا نامی شخص کی انگلیاں کٹنے کا معاملہ پولیس تک پہنچا تو مایور تاراپارا نے ابتداً پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ سڑک کنارے بے ہوش ہو گیا تھا اور ہوش میں آنے کے بعد اس کے ہاتھ کی چار انگلیاں کٹی ہوئی تھیں۔
بعد ازاں تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ کام اس نے اپنے رشتے دار کی ڈائمنڈ فرم میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت سے بچنے کے لیے خود کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مایور تاراپارا نے اپنی انگلیاں اس لیے کاٹیں کیونکہ اس میں یہ ہمت نہیں تھی کہ وہ اپنے رشتے دار کو یہ بتا سکے کہ وہ ان کی کمپنی میں مزید کام نہیں کرنا چاہتا۔
پولیس کے مطابق انہوں نے انگلیوں کے کالے جادو کے استعمال کے خدشے کے سبب مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی تو سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ مایور خود اس کام میں ملوث ہے، جس کا بعدازاں اس نے خود اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تحقیقات میں 3 انگلیاں ایک تھیلے سے برآمد ہوئیں جبکہ چوتھی کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ چاقو ایک اور تھیلے میں ملا ہے۔