• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ چین کی تفصیلات سے واضح ہے کہ یہ دورہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے اور پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بہت کامیاب رہا ہے۔ چین کی حکمراں جماعت کی اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بیجنگ میں روبوٹک زرعی آلات بنانیوالے اے آئی فورس ٹیک، بلیو ٹیک ائیر الائنس، ہائی جیا میڈیکل، شی جی تا ن اسپتال ، بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ، شنگھائی ایکسپریمنٹل اسکول،جنکو سولر کمپنی،ہواوے ٹیکنالوجیز ، بی جی آئی جینو مکس اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے کئے۔ ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، صحت سمیت دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں سے مفاہمت ناموں پر دستخط ہوئے۔ پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں چینی کمپنیوں کے ساتھ آئی ٹی، ماحولیات، گرین انرجی اوردیگر ابتدائی معاہدے طے پاگئے۔ اس دورے کا ایک نہایت مثبت نتیجہ چین کی لیڈنگ کیپٹل فرم گوبی پارٹنرز کی طرف سے پنجاب میں 14ارب روپے کے سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان ہے۔ گوبی فنڈ کا مقصد پنجاب کو ایک پائیدار اور ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جانا ہے۔یہ فنڈ پنجاب کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ میں علاقائی لیڈر بنانے کیلئے وقف ہوگا۔ پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس اعلامیہ کے مطابق ٹیکس چھوٹ، خصوصی صنعتی زونز اور دیگر سہولتوں کی وجہ سے پنجاب سرمایہ کاری کیلئے مثالی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورے کے یہ نتائج یقینا خوش آئند اور حوصلہ افزا ہیں ، لیکن دوسری جانب مختلف ذرائع سے سامنے آنے والے یہ حقائق توجہ طلب ہیں کہ چینی قیادت پاکستان میں اپنے ماہرین اور کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے معاملے میں مسلسل ناکامیوں پربہت غیرمطمئن ہے اور فکر مند ہے، چینی بھائیوں کی یہ تشویش یقینا بالکل جائز اور برحق ہے لہٰذا ہماری سیاسی اور عسکری قیادت کو چینی کارکنوں کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہوگا۔

تازہ ترین