وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کی ڈی 8 کے سربراہی اجلاس میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، عوام کے رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے بڑھتے ہوئے رابطوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوام کے درمیان رابطوں، ثقافتی تبادلوں میں پاکستان کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
شہباز شریف نے اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تجارت، سفر کی سہولت کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات اور پاکستانی ویزے کے درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے پر بنگلادیش کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ڈیویلپنگ 8 سمٹ کا آغاز آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوا ہے۔ اس 11ویں سربراہی اجلاس میں 8 ممالک کے سربراہن شرکت کر رہے ہیں۔
ڈی 8 میں بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکیے شامل ہیں۔
اسے 1997 میں جنوب مشرقی ایشیا سے افریقا تک پھیلے ہوئے ممالک کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔