ترکیہ اور پاکستان نے 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قاہرہ میں گیارہویں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ترکیہ پاکستان کے درمیان 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کےلیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور کثیرالجہتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کو ملکی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے۔
ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قدیم، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں، ترکیہ کے عوام پاکستان کیلئے اپنے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔