• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خارجی سرغنہ علی رحمان ہلاک


سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں فتنتہ الخوارج کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ علی رحمان عرف مولانا طحٰہ سواتی کو ہلاک کردیا گیا۔ 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 7 خارجیوں کو ہلاک کیا۔ 

ذرائع کے مطابق خارجی علی رحمان فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا۔ اس سے قبل بھی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ کامیاب آپریشنز میں مارے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق  آئے روز خارجیوں کی پاکستان میں ہلاکت خوارج اور افغان طالبان کا مضبوط گٹھ جوڑ عیاں کرتی ہے۔ پاکستان نے کئی بار مستند شواہد افغان عبوری حکومت کے حوالے کیے مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ عالمی اور خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے، علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی نے 2010 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ایک خارجی نے گھر میں داخل ہو کر کمرے میں 2 بچوں کو یرغمال بنایا، خارجی نے دونوں بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی سے دونوں بچے بحفاظت بازیاب ہوئے اور خارجی سرغنہ ہلاک ہوا، دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی ملی جو کسی بڑی دہشتگردی کیلئے استعمال ہونا تھا۔

قومی خبریں سے مزید