وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 2023ء کشتی حادثے کا مرکزی ملزم گجرات سے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گجرات میں کارروائی کے دوران انسانی اسمگلر گرفتار کیا گیا ہے، جس کی شناخت سلیمان کے نام سے ہوئی ہے، جو 2023ء کے کشتی حادثے کا مرکزی ملزم ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے بھجوائے گئے 7 افراد کشتی حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے، جس کے خلاف 7 الگ الگ مقدمات درج ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے، متاثرہ 7 افراد سے 24 لاکھ فی کس وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا، انہیں لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں بہت برے حالات میں رکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق بعد میں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گجرات سے گرفتار کیا گیا، جس سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ لبیا کشتی حادثہ 2023 میں ہوا تھا، جس میں پاکستانیوں سمیت 50 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوئے تھے۔