• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس رجسٹریشن معاملے پر حکومت اور جے یو آئی کے درمیان بریک تھرو


مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر حکومت اور جے یو آئی کے درمیان بریک تھرو ہوگیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اتحاد تنظیم المدارس دینیہ کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے۔

ذرائع نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت ہی کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

اسی طرح 26ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں پاس کیے گئے مسودے پر نوٹیفکیشن چند روز میں ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ بریک تھرو مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی جس میں مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرا عظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت قانون معاملہ حل کرنے کیلئے آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس سے متعلق بل پر وزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی، جس میں ہماری سب باتوں کا جواب مثبت آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنا موقف ملاقات میں دہرایا، ہم نے واضح کیا کہ دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے تو ایک اعتراض ہوچکا جس کا جواب اسپیکر نے دے دیا۔ صدر مملکت نے جو دوسرا اعتراض بھیجا وہ آئینی طور پر بنتا ہی نہیں۔

قومی خبریں سے مزید