غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران کل سے اب تک مزید 26 فلسطینی شہید ہو گئے۔
وسطی غزہ میں امدادی قافلے، رہائشی عمارتوں اور کمال عدوان اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی گارڈ شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر نے سنگین صورتِ حال کے سبب عالمی مداخلت کی درخواست کی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے قافلے کے 66 میں سے صرف 43 ٹرک گودام تک پہنچ سکے، جبکہ دیگر راستے میں لوٹ لیے گئے۔
ادھر طولکرم اور العین کے پناہ گزین کیمپوں میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے دوران مزاحمت کاروں سے جھڑپیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے میں پیش رفت کا دعویٰ تو کیا لیکن کوئی ٹائم لائن پیش نہیں کی۔