• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشار الاسد کی اہلیہ خون کے کینسر میں مبتلا، زندگی کو خطرات لاحق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

شام کے معزول صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد خون کے کینسر (لیوکیمیا) میں مبتلا ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بیماری میں بچنے کے امکانات 50، 50 فیصد ہوتے ہیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی نژاد شام کی سابق خاتونِ اوّل کا علاج جاری ہے اور اسی دوران انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے انہوں نے خود کو الگ بھی کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسماء الاسد اس سے قبل 2019ء میں چھاتی کے سرطان میں بھی مبتلا ہو چکی ہیں، علاج کے ایک سال بعد انہوں نے خود کو کینسر فری قرار دیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اسماء الاسد 1975ء میں لندن میں شامی والدین کے ہاں پیدا ہوئی تھیں، ان کے پاس برطانیہ اور شام کی دہری شہریت ہے۔

اسماء الاسد نے کنگز کالج لندن سے کمپیوٹر سائنس اور فرانسیسی ادب میں ڈگریاں مکمل کیں تاہم کیریئر کے حوالے سے انہوں نے سرمایہ کاری بینکنگ کا انتخاب کیا تھا۔

اسماء الاسد اور بشار الاسد کی شادی دسمبر 2000ء میں ہوئی تھی اور ان کے 3 بچے حفیظ، زین اور کریم ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق خاتونِ اوّل نے شام میں بغاوت شروع ہونے کے بعد سے مبینہ طور پر اپنے بچوں کے ساتھ لندن میں جلاوطنی اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسماء الاسد نے معزول شامی صدر سے طلاق کی درخواست بھی دائر کی ہے کیونکہ وہ خود کو روس میں مطمئن محسوس نہیں کر رہیں۔

دوسری جانب روسی صدارتی محل (کریملن) کے ترجمان نے سابق شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ کی جانب سے طلاق کی درخواست کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

ماسکو سے عرب میڈیا کے مطابق بشار الاسد کی اہلیہ کی طلاق کی درخواست اور برطانیہ منتقلی کی رپورٹ میں صداقت نہیں۔

ترجمان کے مطابق بشار الاسد کی نقل و حرکت پر پابندی اور اثاثے منجمد کرنے کے دعوؤں میں بھی صداقت نہیں ہے۔

ترکیہ کی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ بشار الاسد کی اہلیہ طلاق لے کر برطانیہ منتقلی کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ شام کے دارالحکومت دمشق پر اپوزیشن فورسز کے قبضے سے قبل ہی صدر بشار الاسد اپنے خاندان کے ساتھ روس فرار ہو گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید