پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کا دن ناقابلِ فراموش ہے۔
انہوں نے ٹوکیو میں ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، اس دن عالمی سطح پر ہونے والی دہشت گردی پاکستانی عوام کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اس عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پاکستان اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازش تھی۔
پیپلز پارٹی جاپان کے صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نڈر اور بہادر لیڈر کو شہید کر کے پاکستانی عوام سے زیادتی کی گئی۔
انہوں نے اپنا مطالبہ دھراتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ 27 دسمبر کو بینظیر بھٹو کی شہادت کے دن کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور 27 دسمبر کو یومِ بینظیر قرار دیا جائے۔
شاہد مجید نے مزید کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نوجوان لیڈر ہیں اور اس وقت مقبول ہیں اور ان شاء اللّٰہ وزیرِاعظم بن کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ پی پی جاپان کے زیرِ اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر جاپان میں بھی تقریب منعقد کی جائے گی۔