غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، حماس نے اسرائیل کی نئی شرائط کو معاہدے میں تاخیر کا سبب قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حماس پر طے شدہ باتوں سے پیچھے ہٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آپریشن کے دوران 8 فلسطینی شہید ہوئے۔ اسکے علاوہ حماس نے اسرائیلی ٹینک کو دھماکے سے اُڑا دیا۔
اسرائیل نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کا باضابطہ اعتراف کرلیا، جس پر ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
دریں اثنا پوپ فرانسس نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا اسرائیل بچوں پر گولیاں برسا رہا ہے، پوپ کے بیان پر اسرائیل نے ویٹیکن کے سفیر کو طلب کرلیا۔