ہالی ووڈ کی مشہور ڈرامہ فلم ’بے بی ڈرائیور‘کا ننھا اداکار ہڈسن میک 16 سال کی عمر میں ٹریفک حادثے میں چل بسا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 16 سالہ اداکار ہڈسن میک جو 2017 کی مشہور فلم بے بی ڈرائیور میں اپنے کردار کی وجہ سے جانا جاتا تھا، 19 دسمبر کو ایک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد 21 دسمبر کو انتقال کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہڈسن میک چلتی گاڑی سے گر کر زخمی ہوئے، جس کے نتیجے میں انہیں یونیورسٹی آف الاباما ایٹ برمنگھم اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق، حادثے کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئیں اور دوران علاج وہ چل بسے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہڈسن میک نے بے بی ڈرائیور میں کم عمر بے بی کا کردار ادا کیا تھا، اور بچوں کے شوز میں وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر بھی کام کیا تھا۔
پولیس حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی چل رہی تھی۔