بالی ووڈ اداکار ورون دھون کی فلم بے بی جان ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر کامیاب ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے دن باکس آفس پر 12.5 کروڑ کا بزنس کر لیا۔
اس فلم کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں سپر اسٹار سلمان خان نے مختصر کردار ادا کیا ہے۔
ورون دھون کی فلم بے بی جان گزشتہ روز جب سنیما گھروں کی زینت بنی تو لوگ فلم دیکھنے میں مشغول تھے کہ اچانک فلم کے ایک منظر میں سلمان خان کو دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصروں سے بھی یہی پتہ چلا ہے کہ فلم میں سلمان خان کی انٹری نے سنیما میں مداحوں کو حیران کر دیا تھا اور تھیٹر سلمان خان کے نظر آنے کی خوشی میں سیٹیوں اور شور سے گونج اٹھا تھا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران ورون دھون کی کسی بھی فلم کا یہ اتنا کامیاب ترین آغاز ہے۔
اس سے قبل 2019ء میں ان کی ریلیز ہونے والی فلم کلنک جس میں عالیہ بھٹ، مادھوری ڈکشٹ، سوناکشی سنہا اور سنجے دت جیسے بڑے نام شامل تھے، اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن 21.60 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ورون دھون کی 2020ء میں ریلیز ہونے والی فلم اسٹریٹ ڈانسر، 2022ء میں ریلیز ہونے والی جگ جگ جیو اور بھیڑیا ریلیز کے پہلے دن ڈبل فیگر بزنس کرنے میں ناکام رہی تھیں۔