بھارتی اداکار ورون دھون نے کہا ہے کہ شردھا کپور نے پروپوزل قبول کرنے سے انکار پر میری پٹائی لگوادی تھی۔
شردھا کپور بھارت کی اس وقت سب سے مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ لاکھوں مداحوں میں ایسے کئی افراد بھی شامل ہیں جو ان کی خوبصورتی، دلکشی اور خوش مزاجی کے باعث ان پر دل ہار بیٹھے ہیں۔
شاید ہی کوئی ہو جو شردھا کی جانب سے پرپوز کیے جانے پر انکار کر سکے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب شردھا کو ورون دھون کی جانب سے انکار کا سامنا کرنا پڑا تھا؟
یہ واقعہ شردھا کپور نے اپنی ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ کی پروموشن کے دوران شیئر کیا تھا۔ شردھا نے بتایا تھا کہ انہوں نے ورون کو ایک پہاڑی پر لے جا کر منفرد انداز میں اپنی محبت کا اظہار کیا لیکن ورون نے پیشکش ٹھکرادی تھی۔
اپنی فلم بےبی جان کی کامیابی سمیٹنے والے ورون دھون نے اب شردھا کی کہانی پر اپنی وضاحت پیش کردی ہے۔
یوٹیوبر شبھانکر مشرا کے ساتھ بات چیت میں جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے شردھا کپور کا دل کیسے توڑا؟ تو ورون نے انکشاف کیا، ’یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب وہ صرف 8 سال کے تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’دو سال بعد جب شردھا کی 10ویں سالگرہ تھی تو مجھے بھی مدعو کیا گیا تھا، جہاں دیگر تین چار لڑکے بھی موجود تھے جو شردھا پر دل ہارے ہوئے تھے اور ان لڑکوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں شردھا کو پسند کیوں نہیں کرتا؟ اس پر میں نے کہا، ’مجھے لڑکیوں میں کوئی دلچسپی نہیں اور میں یہاں صرف ڈانس مقابلہ جیتنے آیا ہوں۔‘
ورون دھون کا کہنا تھا کہ جب میں نے ان لڑکوں کے اصرار پر انکار کیا تو ان لڑکوں سے میری لڑائی ہوگئی اور انہوں نے مجھے مارا پیٹا جبکہ یہ مار پیٹ شردھا نے کروائی تھی کیونکہ میں ’ہاں‘ نہیں بول رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر ورون اور شردھا کی اس بچپن کی محبت بھری کہانی پر دلچسپ ردعمل سامنے آیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’یہ بہت پیارا ہے‘ جبکہ دوسرے نے کہا، ’یہ بہت مزاحیہ ہے۔ کم از کم انہوں نے اپنی عمر کے عام بچوں کی طرح کچھ تو کیا۔‘
خیال رہے کہ آج ورون دھون اپنی اہلیہ نتاشا کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس سال جون میں اس جوڑے کے ہاں بیٹی لارا دھون کی پیدائش ہوئی۔
دوسری جانب شردھا کپور کی فلمساز راہول مودی کے ساتھ تعلقات کی افواہیں زیر گردش ہیں۔