• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھری ایڈیٹس کو 15 سال مکمل، ’ملی میٹر‘ نے عامر خان کیساتھ دلچسپ واقعہ سنادیا

فلم ساز راجکمار ہیرانی کی مشہور زمانہ فلم تھری ایڈیٹس میں ملی میٹر کا کردار نبھانے والے راہول کمار نے سپر اسٹار عامر خان کا سیٹ پر دلچسپ واقعہ سنادیا۔ 

بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کی ریلیز کو 15 برس مکمل ہوگئے۔ جہاں فلم نے نئے چہروں کے ساتھ پرانے اداکاروں کے کیریئر کو بھی چار چاند لگادیے وہیں ایک مختصر کردار ملی میٹر سے راہول کمار نے بھی اپنا نام بنایا۔ 

راہول نے فلم کے سیٹ پر عامر خان اور اپنے درمیان گفتگو اور سے متعلق واقعہ بتایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راہول نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ چونکہ وہ سب سے کم عمر تھے، اس لیے سیٹ پر سب نے انہیں بہت پیار دیا۔

انہوں نے کہا، ’آر مادھون، شرمن جوشی اور راجکمار ہیرانی نے اس وقت میری بہت مدد کی۔ آج بھی ہم بات کرتے ہیں۔ راجکمار ہیرانی میرے بہترین دوستوں میں سے ہیں۔ اگر کام کے حوالے سے کوئی سوال ہو تو میں فوراً انہیں کال کرتا ہوں اور وہ ہمیشہ جواب دیتے ہیں۔‘

سیٹ پر اپنے تجربات یاد کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ عامر خان ایک شرارتی طبیعت کے حامل انسان ہیں۔

ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’عامر خان نے مجھے کرینہ کپور سے ملوایا اور انہیں بتایا کہ میں اومکارا میں تھا اور یہ بھی کہا کہ میں شادی کرچکا ہوں۔ کرینہ میڈم کو یقین دلانے میں مجھے کافی وقت لگا کہ یہ مذاق تھا۔‘

ایک اور مذاق کے بارے میں راہول نے بتایا، ’’عامر خان نے مجھ سے پوچھا کہ میری پسندیدہ ہیروئن کون ہے؟ میں نے کہا ’سب اچھی ہیں۔‘ پھر انہوں نے کرینہ کے بارے میں پوچھا، میں نے کہا ’اچھی لگتی ہیں۔‘‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے راہول کا کہنا تھا کہ رانی مکھرجی کے بارے میں پوچھا تو میں نے کہا ’کچھ خاص نہیں۔‘ یہ سنتے ہی عامر خان نے فون اٹھایا اور اس پر بات کرتے ہوئے کہا، ’ہیلو رانی، میرے سیٹ پر ایک اداکار ہے جسے تم پسند نہیں ہو، لو بات کرو'، اور میں فوراً وہاں سے بھاگ گیا۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید