سکھر(بیورو رپورٹ )سکھر جناح میونسپل اسٹیڈیم کے ایک حصے پر ممکنہ قبضے کی کوشش اور آفیسرز کلب/سکھر جیم خانہ کی دیوار کے ساتھ اسٹیڈیم کے اندر جیم خانہ انتظامیہ کی جانب سے اسکواش کورٹ کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف سکھر کے کھلاڑی اور اسپورٹس حلقے سراپا احتجاج بن گئے، دو دن میں فیصلہ واپس نہ ہوا اتوار کو بھرپور احتجاج کریں گے ۔ جناح میونسپل اسٹیڈیم میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کا احتجاجی مظاہرہ، اسٹیڈیم کے کسی بھی حصے کو آفیسرزکلب/سکھر جیم خانہ کے سپرد ہونے نہیں دیں گے، چند سال قبل بھی اسٹیڈیم کا ایک حصہ جیم خانے سے ملانے کے لئے لائیننگ کے بعد کھدائی بھی شروع کردی گئی تھی تاہم اس وقت اسپورٹس حلقوں نے فوری طور پر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ سے رابطہ کیا جنہوں نے وہ کام بند کرایا، جمعہ کے روز ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی کہ اسٹیڈیم کے ایک حصے میں آفیسرز کلب کا اسکواش کورٹ بنایاجا رہاہے جس پر اسپورٹس حلقے سراپا احتجاج ہوگئے۔