• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، منشیات اور جوئے کے اڈوں کیخلاف کریک ڈائون جاری، متعدد ملزمان گرفتار

سکھر(بیورو رپورٹ ) پولیس کی جانب سے شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں منشیات اور جوا کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ متعدد کارروائیوں میں پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اور جوا کے اڈوں سے لاکھوں روپے نقدی ، لیپ ٹاپ، موبائل فون، جوا میں استعمال ہونیو الا سامان قبضے میں لے کر  متعدد ملزمان کو کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے  ہیں، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی ہدایت پر شہر سمیت ضلع کے تمام علاقوں میں منشیات اور جوا کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف تھانوں کی حدود میں منشیات اور جوئے کے اڈوں پر کارروائی کے دوران متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو نہیں بتایا جاتا اور نہ ہی اس تھانے کی پولیس کو ساتھ لیا جاتا ہے بلکہ اے ایس پی محمد کلیم ملک کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں، جوئے کے اڈوں کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے اے ایس پی سٹی محمد کلیم ملک سمیت اپنی خصوصی خفیہ ٹیم بھی اس سلسلے میں تشکیل دی ہے جو تمام تھانوں کی حدود میں جرائم کے واقعات جوا ، منشیات اور فحاشی کے اڈوں کے حوالے سے خفیہ طور پر ایس ایس پی سکھر کو اطلاع فراہم کرتی ہیں جس کے بعد فوری طور پر پولیس پارٹی ان علاقوں میں جوا، منشیات اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتی ہے اور اس کارروائی سے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور وہاں کی پولیس کو مکمل طور پر بے خبر رکھا جاتا ہے۔گزشتہ چند روز میں پولیس نے تھانہ سی سیکشن، تھانہ اے سیکشن، تھانہ سائیٹ سمیت دیگر علاقوں میں جوا اور منشیات کے اڈوں پر کارروائی کی جس میں تھانہ سی سیکشن کی حدود میں کارروائی کر کے جوا کے ایک اڈے سے 7ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے دو لاکھ روپے نقدی ،لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور جوا میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کر کے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، ایک اور کارروائی میں اے ایس پی محمد کلیم ملک نے سکھر ریلوے اسٹیشن کے نزدیک سے گٹکا پان پراگ فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور وہاں سے 15بورے پان پراگ کے برآمد کئے جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے، جبکہ جمعہ کے روز بھی سائیٹ ایریا کے علاقے میں پولیس نے جوا کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر 12ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 25270 روپے نقدی ، چار موبائل فون اور جوا میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کر کے تھانہ سائیٹ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تازہ ترین