بھارتی ریاست کیرالہ میں گاڑیوں کے شوقین ایک شخص نے اپنے گھر کو کاروں اور موٹرسائیکل کے اسپیئر پارٹس سے سجالیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گاڑیوں کے شوقین بھارتی شہری کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اس نے اپنے گھر کے مختلف حصوں کو دکھایا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ گھر کے مالک نے عام چیزوں کو دوبارہ استعمال کرتے ہوئے انہیں نیا روپ دیا ہے۔ مثال کے طور پر ایک کار کو صوفے میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ ایک اسکوٹر کے ہینڈل سے لائٹ بنائی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کے بیڈروم، ڈرائنگ روم اور کوریڈور کے حصوں میں مختلف گاڑیوں کے پارٹس سجائے گئے ہیں جنہیں روزمرہ کی چیزوں کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
مذکورہ شخص نے اپنے گھر کا وزٹ کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ گاڑیوں کا بہت شوقین ہے اس لیے اس نے گھر کو بھی مختلف پارٹس سے سجادیا ہے، گھر میں ایسی مزید تخلیقی چیزیں بھی موجود ہیں، جنہیں دیکھنے والوں نے خوب سراہا۔