ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس اقبال دارہ کا کہنا ہے کہ 2023ء کی نسبت 2024ء میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں شہریوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے، گزشتہ سال کی نسبت 2024 میں 22084 مستقل ڈرائیونگ لائسنس کم بنے۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا عروج دیکھنے میں آ رہا ہے، ایسے میں جدید سہولتوں کے باوجود ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں شہریوں کی عدم دلچسپی بھی الارمنگ ہے۔
ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچز اقبال دارہ نے بتایا کہ 2023ء کی نسبت سال 2024ء میں کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا رجحان کم رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 2024ء میں مستقل ڈرائیونگ لائسنس کی تعداد 22 ہزار 84 کم رہی، 2023ء میں 3 لاکھ 30 ہزار 27 شہریوں نے مستقل ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جبکہ 2024ء میں اب تک 2 لاکھ 80 ہزار 943 ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جا چکے ہیں۔
2023ء میں 2لاکھ 82 ہزار 385 لرنر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے گئے جبکہ رواں سال اب تک 2 لاکھ 85 ہزار 384 تربیتی لائسنس بنائے جا چکے ہیں۔
گزشتہ سال 22 ہزار 813 جبکہ رواں سال 26 ہزار 553 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔
ڈی آئی جی اقبال دارہ نے بتایا کہ گزشتہ سال پرانے نظام کے تحت ڈرائیونگ لائسنس بنائے جاتے تھے، 2024ء میں سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس برانچز کو جدید ترین کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کرپشن انتہائی حد تک ختم کی گئی ہے، نظام کو شفاف کیا گیا ہے اور تمام برانچز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی سندھ بھر کی تمام برانچز کو آن لائن بھی کر دیا گیا ہے، اب دنیا بھر میں پاکستانیوں کے لیے سندھ ڈرائیونگ لائسنس آن لائن ہے، شہری کسی بھی ملک یا کسی بھی شہر میں آن لائن لرنر لائسنس بنوا سکتے ہیں، سندھ کا لائسنس رکھنے والے تجدید بھی آن لائن کر سکتے ہیں۔
ڈی آئی جی اقبال دارہ کے مطابق 2024ء میں کراچی کے علاوہ سندھ کی تمام برانچز سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء شروع کیا گیا، پہلے یہ سہولت صرف کراچی کی کلفٹن برانچ میں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں شہریوں کی عدم دلچسپی پر حکومت کی جانب سے سختی کی گئی ہے، لائسنس نہ رکھنے والے ڈرائیور کی گاڑی ضبط کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے تو شہریوں کی بڑی تعداد ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے لائسنس دفاتر میں امڈ آئی ہے۔
ڈی آئی جی اقبال دارہ کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں شہریوں کا غیر معمولی رش ہے، ایک ہفتے کے دوران ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔