کراچی کے ویسٹ زون میں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ روکنے کے لیے 314 لائسنس یافتہ ہتھیار تھانوں میں جمع کر لیے گئے۔
کراچی کی ویسٹ زون پولیس نے ضرب المثل ’نہ ہوگا بانس نہ بجے گی بانسری‘ کے عین مطابق شہریوں کے لائسنس یافتہ بیشتر ہتھیار تھانوں میں جمع کر لیے ہیں اور جن شہریوں نے اسلحہ جمع نہیں کروایا، ہوائی فائرنگ کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے بتایا ہے کہ انہوں نے ماضی سے ہٹ کر ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت کراچی کے ضلع وسطی اور غربی کے تمام تھانوں کو شہریوں کے لائسنس یافتہ ہتھیار فوری طور پر تھانوں میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
عرفان علی بلوچ کے مطابق اس مہم کے تحت پیر کی رات تک ویسٹ زون کے 31 تھانوں میں شہریوں نے 314 ہتھیار جمع کرا دیے تھے جن میں 299 پستول، 4 ریوالور، 3 شارٹ گن اور 8 رائفلیں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلحہ جمع کرنے کی یہ مہم آج آخری روز رات گئے تک جاری رہے گی۔
عرفان علی بلوچ کے مطابق سب سے زیادہ 44 ہتھیار نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔