میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ میرے والد کو بس ڈرائیور کی نوکری ملی تھی، والدہ کپڑے سیتی تھیں، اس ملک میں محنت کا صلہ ملتا ہے۔
سر کا خطاب ملنے کے بعد صادق خان نے ’جیو نیوز‘ کو پہلا خصوصی انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کہا کہ یہ خطاب ملنے پر خود کو بہت عاجز محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے، میرے والدین نے پاکستان سے یہاں آ کر محنت کی۔
صادق خان نے بتایا کہ سر کا اعزاز ملنے پر والدہ بہت جذباتی ہو گئی تھیں، ہم سب والد کو یاد کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بچے مذاق کر رہے ہیں کہ گھر میں آپ سر نہیں صرف ہمارے والد ہیں۔
میئر لندن نے کہا کہ میری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور یہ ایوارڈ بھی پوری ٹیم کے لیے ہے۔
صادق خان نے یہ بھی کہا کہ بادشاہ سے خاصے اچھے تعلقات ہیں، وزیرِ اعظم بھی میرے دوست ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی جانب سے سالِ نو کے موقع پر جن افراد کو عوامی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا ان میں میئر لندن صادق خان کا نام بھی شامل ہے، جنہیں نائٹ کا اعزاز پانے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔