لندن (سعید نیازی) برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی جانب سے سال نو کے موقع پر جن افراد کو عوامی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا ان میں میئر لندن صادق خان کا نام بھی شامل ہے۔ جنہیں نائٹ کے اعزاز پانے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ صادق خان کا اعزاز کے اعلان پر کہنا تھا کہ وہ بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی لندن کی ایک کونسل اسٹیٹ میںپرورش پاتے وقت میںخواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا کہ میں ایک دن لندن کا میئر ہوں گا۔ یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ جس شہر سے میں پیار کرتا ہوں میں اس کی خدمت کروں اور میںخوبصورت ، محفوظ اور خوشحال لندن کے قیام کے لئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھوں گا۔ واضح رہے کہ نائٹ کا اعزاز پانے والے افراد اپنے نام سے پہلے ’’سر‘‘ لکھ سکتے ہیں۔برطانیہ کے وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر بھی یہ اعزاز پا چکے ہیں، اسی وجہ سے ان کے نام کے ساتھ ’’سر‘‘ بھی لکھا جاتا ہے۔ فارن سیکرٹری ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ لندن کے عوام کی خدمت کے اعتراف میں نائٹ کا اعزاز ملنے پر صادق خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لندن کے اسکول کے بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا، شہر کی آلودہ ہوا کو صاف کرنے کیلئے اقدامات کئے اور ریکارڈ تعداد میںکونسل کے گھر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ برطانیہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کونسل اسٹیٹ میںبس ڈرائیور کے بیٹے ہوکر بھی اس ملک کی کابینہ اور لندن کے میئر کے عہدے تک جا پہنچ سکتے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے بھی صادق خان کو ’’سر‘‘ کا اعزاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔