• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 جنوری کے مذاکرات میں احتجاج کے طریقوں پر اتفاق کرلیں، رانا ثناء کی پی ٹی آئی کو پیشکش


وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے تحریک انصاف کو پیشکش کی ہے کہ 2 جنوری کو ہونے والے مذاکرات میں احتجاج کے طریقوں پر اتفاق کرلیں، حدود طے کر لیں کہ اس سے آگے لائن کراس نہیں ہوگی۔

جیو نیوز کے پروگرام  کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ سیاسی استحکام مذاکرات کے ذریعے ہی آتا ہے،  2 جنوری کو سیاسی گفتگو کا آغاز ہو رہا ہے، پہلے پاکستان کا انصاف فراہم کریں پھر شخصی انصاف طلب کریں، پاکستان کی ترقی کیلئے متفق ہونا پڑے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر اپوزیشن چارٹرڈ آف اکنامی پر متفق ہو جائے تو پاکستان کی اُڑان یقینی ہے۔

پروگرام میں موجود تحریک انصاف سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق میں احتجاج کا طریقہ کار ڈال دیں تو یہ بہت اچھی بات ہوگی۔

بیرسٹر سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ سال 2025 میں سیاسی استحکام کے لیے بانی تحریک انصاف اور تحریک انصاف کے سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں رول آف لاء اور قانون سب کیلئے برابر ہونا ضروری ہے، سپرریم کورٹ کے ایک فیصلے سے عوام کے بنیادی حقوق چھین لیے گئے، جمہوری طریقہ کے مطابق عوام کو اپنے نمائندے مرضی سے سلیکٹ کرنے کا اختیار ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جمہموریت کے بنیادی اصول کے خلاف پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھین لیا گیا، الیکشن میں دھاندلی ہوتی رہتی تھی، لیکن گزشتہ الیکشن میں سب ریکارڈ توڑ دیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید