وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا سر کچلے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کےلیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا اور ایک پیج پر آنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی پسند اور نا پسند سے بالاتر ہو کر فیصلے کریں گے تو کامیابی ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی آج ملک میں چیلنج ہے، افغانستان میں عبوری حکومت آئی بہت سے لوگ چھوڑے گئے، دہشت گردی کو کچلنے کیلئے فورسز قربانیاں دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے ساڑھے 9 مہینے میں حکومت کو بیرونی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، چینی کی برآمد کے نتیجے میں زرمبادلہ آرہا ہے، چینی سرپلس تھی اس لیے برآمد کی گئی، ملکی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ترقی کیلئے برآمدات بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیم ورک ہے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، یہ سال پاکستان کے عوام کیلئے خیر و برکت کا باعث بنے گا، میکرو اکنامک انڈیکیٹر بہتر ہوئے ہیں، مہنگائی 2018 کے بعد 4.1 فیصد پر آئی ہے، 5 ماہ میں ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 12 ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، تمام اشارے ملک کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ساڑھے 9 ماہ میں حکومت کو بیرونی و اندرونی خلفشار کا سامنا کرنا پڑا، باہمی تعاون اور اجتماعی کاوشوں سے چیلنجز کا مقابلہ کیا، چاول کی ایکسپورٹ نے 4 ارب ڈالر قومی خزانے میں جمع کروائے، چینی کی ایکسپورٹ سے آدھا بلین ڈالر قومی خزانے میں آ رہا ہے، ہمارے پاس سرپلس چینی تھی جسے ایکسپورٹ کیا، چینی ایکسپورٹ نہیں ہوتی تو اسمگلنگ جاری رہتی، آئل کی اسمگلنگ میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینٹرل ایشیا کی اسٹیٹ سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں، سب چاہتے ہیں پاکستان سے روابط بڑھیں، ایکسپورٹ ہو، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ ایم او یو سائن ہوئے ہیں، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق دن رات کام ہو رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، محصولات کےلیے ہم نے انفورسمنٹ کرنی ہے، یہ کامیابیاں ٹیم مینجمنٹ کی مرہون منت ہیں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاراچنار میں ایک معاہدہ ہوا ہے، اس کے تمام فریق مبارکباد کے لائق ہیں، پاراچنار واقعہ میں دونوں طرف سے سیکڑوں لوگ مارے گئے، پاراچنار میں جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس قسم کا دلخراش واقعہ قیامت تک نہیں ہونا چاہیے، پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر فیصلے کریں گے تو اللّٰہ کی نصرت ہمارے ساتھ ہوگی۔