بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع کولہاپور میں اسپیڈ بریکر کا جھٹکا لگنے سے ایمبولینس میں مردہ شخص زندہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کولہاپور کے علاقے قصابہ بواڈا کے رہائشی پانڈورنگ الپے کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایک نجی اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مردہ قرار دیے جانے کے بعد پانڈورنگ الپے کو ایمبولینس میں آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ایمبولینس ایک اسپیڈ بریکر کے اوپر سے گزری اور زور دار جھٹکا لگنے کے بعد پانڈورنگ الپے کے اہلِ خانہ نے اس کی انگلیوں میں حرکت ہوتی دیکھی۔
رپورٹ کے مطابق جب اہلِ خانہ نے پانڈورنگ الپے کی انگلیوں میں حرکت نوٹ کی تو اسے دوبارہ اسپتال لے کر گئے جہاں اس کی اینجیو پلاسٹی کی گئی اور 15 دن تک زیرِ علاج رہنے کے بعد اسے گھر واپس جانے کی اجازت ملی۔
یوں ایک اسپیڈ بریکر کے جھٹکے سے مردہ قرار دیے گئے شخص کو شمشان گھاٹ پہنچنے سے پہلے دوبارہ زندگی ملی گئی۔