اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کا فیصلہ 13 جنوری تک مؤخر کر دیا۔
عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں۔
احتساب عدالت کے عملے نے بتایا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
اس حوالے سے عدالتی عملے نے نیب پراسیکیوٹر اور پی ٹی آئی کے وکیل کو آگاہ کر دیا۔
بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤند ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا ہے۔
نیب نے 13 نومبر 2023ء کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانیٔ پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17 دن تک بانیٔ پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی تھی۔
بعد ازاں یکم دسمبر 2023ء کو نیب نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا تھا، ریفرنس فائل ہونے کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی گئی تھی۔
عدالت نے 27 فروری 2024ء کو بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی تھی، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں، نیب نے پہلے 59 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی تھی۔
اس ریفرنس میں کُل 35 گواہان کے بیانات قلم بند کیے گئے، وکلاء صفائی نے تمام 35 گواہان پر جرح مکمل کی۔