لاہور،اسلام آباد( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر) سراج الحق نے کہا کہ ترک حکومت اورایردوان کی کامیابی پوری اُمت مسلمہ کی فتح ہے۔ ترک عوام نے بغاوت کو ناکام بناکر ایک تاریخی مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے گزشتہ روزترک سفارتخانے میں ترکی کے سفیر ہابر گرگینی سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں جماعتِ اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد اصغر اور رکن مجلسِ شوریٰ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ترکی اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں اور ہمارے قدیم دینی اور تہذیبی رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کی اسلامی تحریکوں کے درمیان مضبوط اور مستحکم رشتے قائم ہیں، سراج الحق نے کہا کہ پورے عالمِ اسلام کی نظریں ترکی پر لگی ہوئی ہیں اور یہ ایک المیہ ہے کہ اسلامی ملکوں میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جاتا۔ اِس موقع پر ترک سفیر نے پاکستان کے عوام اور امیر جماعتِ اسلامی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے ہر مرحلہ پر ترکی کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔